بھارت تباہی کی طرف گامزن، مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کتاب ’’بانگ‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب

49

اسلام آباد۔5جنوری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت ہندوتوا جیسی متعصبانہ پالیسیوں کے باعث تباہی کی طرف جارہا ہے، اقتصادی طور پر مضبوط پاکستان دنیا کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ بہتر طریقہ سے رکھ سکتا ہے، پاکستان قانونی اور اخلاقی اعتبار سے کشمیر کا مقدمہ لڑے گا، کشمیری عوام حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اکیلے نہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں کتاب”بانگ” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو مقبوضہ کشمیر کے طویل ترین سیاسی قیدی ڈاکٹر قاسم فکتو نے تحریر کی ہے۔ تقریب  کا اہتمام  پارلیمانی کشمیر کمیٹی نے کشمیر یوتھ الائنس کے اشتراک سے کیا تھا۔ تقریب میں چیئرمین کشمیرکمیٹی  شہریارآفریدی اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی  سنگین پامالیاں جاری ہیں، بھارت میں مسلمانوں سمیت  اقلیتیں  محفوظ نہیں ہیں۔  صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 5 جنوری کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس روز کشمیریوں سے رائے شماری کا وعدہ کیا تھا اور طویل عرصہ گزرنے کے باوجود عالمی ادارے نے یہ وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، جن اصولوں کے تحت برصغیر تقسیم ہوا، انہیں پس پشت ڈالتے ہوئے بعض مسلم اکثریتی علاقے بھارت میں شامل کئے گئے، گرداسپور کو بھارت کا حصہ بنایا گیا جس کے نتیجہ میں بھارت نے کشمیر پر قبضہ کرلیا، نہرو مسئلہ کشمیر کو خود اقوام متحدہ میں لے کرگیا، اس وقت پاکستان اور کشمیریوں نے اقوام متحدہ پر اعتبار کیا۔