اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) طحہٰ عزیز مگرابی کے ہمرا ہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت احساس، نیشنل بینک آف پاکستان اور یو ایس سی کے درمیان ڈیٹا اور پوائنٹ آف سیلز (پی او ایس) کے انضمام کے لئے جی ۔6 اسلام آباد میں یوٹیلٹی اسٹور کا دورہ کیا۔یوٹیلیٹی اسٹور پر ڈاکٹر ثانیہ نے پہلی ٹرانزیکشن کا جائزہ لیا اورمستحقین کے پہلےگروپ سے ملاقات کی جنہیں ٹیسٹنگ مرحلے کے تحت اہل قرار دیا گیا تھا، جب انہوں نے 8171 کے ذریعے احساس راشن کے لیے اندراج کیا تھا۔ نئے مربوط نظام کے ذریعے، خریداروں کی اہلیت تصدیق کی گئی تھی اور وہ آٹے، کوکنگ آئل، گھی اور دالوں کی خریداری پر سبسڈی حاصل کرنے کے قابل تھے۔ اس موقع پرڈاکٹر ثانیہ نےکہا کہ کامیاب سسٹم اور ڈیٹا انٹیگریشن کا جائزہ لینا بہت حوصلہ افزا ہے جویو ایس سی ،این بی پی اور احساس ٹیموں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ درحقیقت یہ ایک عظیم سنگ میل ہے۔ مربوط پوائنٹ آف سیل سسٹم یو ایس سی کو اہل خاندانوں کو احساس راشن سبسڈی دینے کے قابل بنائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ احساس راشن پروگرام کے تحت کام جاری ہے، درخواست دہندگان کی رجسٹریشن اور اسکروٹنی جاری ہے اور بہت جلد احساس راشن سبسڈیز کارپوریشن کے یوٹیلٹی اسٹورز اور پورے ملک میں این بی پی کے مجاز کریانہ اسٹورز کے نیٹ ورک کے ذریعے دستیاب ہوں گی۔ راشن رعایت کے آغاز کے ساتھ ہی یوٹیلیٹی اسٹورز کے تقریباً 4000 مقامات اسی دن فعال ہو جائیں گے۔ استفادہ کنندگان اسی چیک آؤٹ تجربے کی پیروی کریں گے جیسا کہ وہ کسی دوسرےاین بی پی سے چلنے والے کریانہ اسٹور یعنی CNIC اور سیل فون پر کرتے ہیں۔ صارفین کی آسانی کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز پر “احساس راشن رعایت” کا سائن بورڈ بھی آویزاں ہوگا۔ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز نے کہا کہ احساس راشن سبسڈیز بھی جلد ہی پورے ملک میں یوٹیلیٹی سٹورز کے نیٹ ورک کے ذریعے فعال ہو جائیں گی۔120 ارب روپے کے پروگرام کے تحت 20 ملین اہل خاندانوں میں سے ہر ایک کو آٹا، دالوں، کوکنگ آئل اور گھی کی خریداری پر ایک ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔اس موقع پر کیپٹن (ر) سعید احمد نواز، ایڈیشنل سیکرٹری پاور ایلیویشن اینڈ سوشل سیفٹی ڈویژن۔ گل بہار خان، جنرل منیجر این بی پی ، ہشام جان کیانی، ریجنل ہیڈ نارتھ این بی پی؛ اور یوٹیلٹی سٹورز کے سینئر افسران بشمول جی ایم سٹور آپریشنز، جی ایم آئی ٹی، زونل منیجر، ریجنل منیجر اسلام آباد اور منیجر کوآرڈینیشن بھی موجود تھے۔











