پشاور، 7 جنوری(اے پی پی): افغانستان میں مسلسل برفباری اور شدید موسمی حالات سے بڑے پیمانے پر پیدا ہونے والی تشویش ناک صورتحال کے پیش نظرالخدمت فاونڈیشن پاکستان نے پاک افغان تعاون فورم کے تحت امدادی سامان سے لدے مزید 21ٹرک پاک افغان سرحد تور خم پر افغان حکام کے حوالے کردیٸےجن میں تین کروڑ بیس لاکھ روپے مالیت کے فوڈ اور ونٹر پیکجز سمیت دیگر امدادی سامان شامل ھے۔
افغانستان کے صوبے پکتیکا کے بعد ننگرہار، کابل، ہلمند، قندہار اور دیگر صوبوں میں عوام کی بڑی تعداد شدید موسمی حالات سے متاثرھو کر نکل مکانی پر مجبور ہیں اس صورتحال سے نمٹنے کے لٸے جمعہ کے روز الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے شعبہ صحت الخدمت ہیلتھ فاونڈیشن کے مرکزی چیرمین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ،الخدمت کے صوباٸی ناٸب صدور ڈاکٹر سمیع اللہ جان ،فدامحمد خان ،ضلع پشاور کے صدر ارباب عبدالحسیب اور صوباٸی میڈیا منیجر نورالواحد جدون نے پاک افغان سرحد طورخم پر الخدمت فاونڈیشن پاکستان کی جانب سے افغان متاثرین کے لٸے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مزید 21ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی چوتھی کھیپ امارت اسلامی افغانستان کے انچارج براٸے آٸی ڈی پیز مولانا شیرزاد اور دیگراعلی حکام کے حوالے کی۔ جس میں خشک راشن پرمشتمل فوڈ اور ونٹر پیکج سمیت بچوں اور خواتین کے لٸے گرم ملبوسات شامل تھے۔
امدادی سامان حوالگی کے موقع پرامارت اسلامی افغانستان کے اعلی حکام نے آزماٸش کی اس مشکل گھڑی میں بے سروسامانی کی حالت میں شدید موسمی حالات کے پیش نظر نکل مکانی پر مجبور لاکھوں افغان متاثرین کی بحالی میں تعاون پرپاکستانی عوام ،الخدمت فاونڈیشن اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک افغان تعاون فورم کے ذریعے پاکستان کی جانب سے افغانستان میں متاثرین اور مہاجرین کی ہر ممکن امداد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔











