فیصل آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن کا افتتاح اور گیس پائپ لائن بچھانے کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔فیڈمک پہنچنے پرچیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ظفراقبال سرور،چیف ایگزیکٹو رانا محمد یوسف،چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد اورممبر فیڈمک بورڈ و چیئرمین اپٹپما انجینئر حافظ احتشام جاوید، رانا عبدالوہاب چیئرمین قائمہ کمیٹی ایف سی سی آئی و سی ای او وہاب گروپ اور دیگر اہم صنعتی و کاروباری شخصیات اور انتظامی حکام نے ان کا استقبال کیا۔علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی ساہیانوالہ فیصل آباد میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن اور گیس پائپ لائن کی تنصیب کے منصوبہ پر 37 کروڑ 50لاکھ روپے اورفیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں 132 کے وی گرڈ سٹیشن کی تکمیل پر 60 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ اس موقع پروفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ نئے گرڈز سے صنعتی کنکشنز کا اجرا تیزی سے ہوگا اور صنعتی ترقی کے نئے باب کھلیں گے۔انہوں نے کہا کہ گرڈ سٹیشنز کے قیام سے سپیشل اکنامک زونز میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ گیس ٹرانسمشن لائن سے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ملکی معاشی استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔بعدازاں وفاقی وزیر فیسکو ہیڈ کوارٹر فیصل آباد گئے جہاں انہوں نے کسٹمر سروس سنٹر کا افتتاح کیا۔











