لاہور،8 جنوری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت مری میں پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائز لینے کیلئے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مری کو جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں،خیبرپختونخوا کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں،رات سے قبل سیاحوں کو نکالنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ سیاحوں کو نکالنے کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہو، وہ اقدام اٹھایا جائے۔ریسکیو آپریشن کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا ہیلی کاپٹر لاہور سے روانہ کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کمشنر آفس راولپنڈی اور پی ڈی ایم اے میں کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مری میں ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری دفاتر کو سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی اضافی نفری کو مری بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج کو بھی طلب کیا گیا ہے۔مری میں بجلی کی بحالی کیلئے واپڈا حکام سے رابطے میں ہیں۔ پھنسے ہوئے سیاحوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر امدادی سامان ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جا رہا ہے،مری میں کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات لے کر جانے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہے۔ انتظامیہ کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ میں تمام صورتحال کا خود جائزہ لے رہا ہوں اور ہماری کوشش ہے کہ رات سے قبل ریسکیو آپریشن کو مکمل کیا جائے۔پنجاب حکومت کی تمام مشینری مری میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
سورس:وی این ایس، لاہور











