ملتان؛ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی جانب سے سستا ریڑھی بازار قائم کردیا گیا

32

 

ملتان، 09 جنوری(اے پی پی ):  وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ ملتان نے ایک اور عوام دوست قدم اٹھایا ہے ، ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی جانب سے سستا ریڑھی بازار قائم کردیا گیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے   اسسٹنٹ کمشنر سٹی کے ہمراہ شمش آباد چوک پر سستے ریڑھی بازار کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شمش آباد میں قائم ریڑھی بازار میں سستے ریٹس پر سبزیاں و پھل فراہم کئے جائیں گی جبکہ شہریوں کی سہولت کیلئے ریڑھی بازار میں سرکاری ریٹس پر اعلی معیار کی سبزیاں اور پھل فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریڑھی بازار کا مقصد عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا ہے ۔عوامی خدمت کیلئے ریڑھی بازاروں کی تعداد مرحلہ وار بڑھائی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ضلع بھر میں سرکاری ریٹس کے نفاذ کا حکم دیا ہے اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

قبل ازیں ریڑھی بازار کے افتتاح کے بعد شہریوں کی کثیر تعداد نے ریڑھی بازار سے خریداری کا سلسلہ شروع کردیا۔شہریوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریڑھی بازار کے اقدام کو سراہتے ہیں۔

سورس:وی این ایس، ملتان