ملتان،11جنوری(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے معاملات درست کرکے صحیح معنوں میں عوامی خدمت کا ادارہ بنائیں گے، کرپشن اور سرخ فیتے کا کلچر کارپوریشن سے ختم کیا جائے بصورت دیگر سخت احتساب کیلئے تیار رہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کارپوریشن دفتر کے دورے کے موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کیا جائے گا جبکہ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور تجاوزات خاتمے کو بھی ترجیح بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کا مکمل فزیکل آڈٹ کرکے ادائیگیاں کی جائیں اور کرپشن میں ملوث ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے غیر قانونی نقشوں اور ناجائز کمرشلائزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز قبضوں اور غیر قانونی کمرشلائزیشن نے شہر کا حسن تباہ کرکے رکھ دیا ہے، ریگولیشن برانچ کو سختی سے ہدایات کی ہیں کہ قانون کی عملداری یقینی بناکر شہر کا انفراسٹرکچر بحال کیا جائے اور ٹریفک مسائل کا خاتمہ کیا جائے۔
اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود اور سی ای او چوہدری فرمائش علی بھی اجلاس میں موجود تھے۔











