کوئٹہ،11جنوری(اے پی پی ):وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجوسے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر برائے پاکستان جیولین ہارنیز کے وفد نے منگل کو یہاں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں جعفر آباد، نصیر آباد، صحبت پور اور جھل مگسی میں نظام نکاسی آب کی کمزوری اور ایکوسسٹم کو پہنچنے والے نقصانات کو کم کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
جعفر آباد، نصیر آباد، صحبت پور اور جھل مگسی میں نظام نکاسی آب کو بہتر بنانے کے لئےسول سوسائٹی، صوبائی اسمبلی اور بیوروکریسی سے ماسٹر پلاننگ کیلئے فوکل پرسن نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان حکومت ماحولیاتی تبدیلی کی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے جبکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی معاونت سے متاثر اضلاع میں اقدامات کئے جائیں اور بلوچستان میں اقوام متحدہ کے اداروں کی معاونت سے مختلف شعبوں میں کام جاری ہے اور منتخب نمائندے باخوبی ماحولیاتی مسائل سے آگاہ ہیں جو مسائل کے حل کیلئے بہتر کام کرینگے۔
اقوام متحدہ کی ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر برائے پاکستان جیولین ہارنیز نے کہا کہ ملک بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور ایکو سسٹم کی بحالی کے منصوبوں کیلئے ماسٹر پلاننگ کررہے ہی،ں چار ماہ کی مدت میں ماسٹر پلاننگ مکمل کرکے اس حوالے سے منصوبے تجویز کئے جائیں گے جبکہ ماحولیاتی خطرات کے باعث زرعی پیداوار بھی متاثر ہورہی ہے اور گلوبل وارمنگ کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ہونے سے گلیشئر پگھل رہے ہیں۔











