صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا سینٹرل جیل فیصل آباد کا دورہ، فیملی رومز کا افتتاح کیا

28

فیصل آباد،11جنوری  (اے پی پی):صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے سینٹرل جیل کا دورہ کیا اور قیدیوں کے لئے بنائے گئے فیملی رو مز کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر جیل خانہ جات نے کہا کہ جیلوں کو دارلاصلاح بنانے پر توجہ مرکوز ہے اس مقصد کیلئے اسیران کو روزگار کمانے کے بھرپور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیلوں کے اندر پبلک پرائیویٹ معاہدے کے تحت پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت سٹیچنگ یونٹ قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے منفی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بجائے روزگار فراہم کیا جارہا ہے۔پرائیویٹ اداروں کی جانب سے جیل انتظامیہ کو مختلف آرڈرز دئیے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پچھلے تین سالوں کے اندر تمام شعبوں میں ترقی ہوئی،پاکستان کی پہلی یہ سنٹرل جیل فیصل آباد ہے جہاں قیدیوں کیلئے فیملی کوارٹرز بنائے گئے ہیں۔دوسرے مرحلے میں ملتان اور راولپنڈی میں قیدیوں کے رہائشی کوارٹرز کا افتتاح کیاجائے گا جس کی بدولت قیدیوں اور ان کی فیملز کو ملاقات میں مزید خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ جیل ملازمین کی تنخواہیں گزشتہ 74 سالوں سے مسائل کا شکار تھیں وہ ٹھیک کی گئی ہیں دوسری فورسز کے لیول کا جیل ملازمین کو بھی پے سکیل دیا جارہا ہے۔فاؤنڈیشن کی جانب سے اڈیالہ جیل کو 20 سٹیچنگ مشینیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مری کا سانحہ قدرتی آفت تھی اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔

اس موقع پر  انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ، ڈی آئی جی سعیداللہ گوندل،سپرنٹنڈنٹ چوہدری محمد اصغر اور دیگر جیل افسران بھی موجود تھے۔