اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سمندر پارکستانیز ایوب آفریدی نے کہا ہے کہ اوپی ایف کے تعلیمی ادارے اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں ۔ وزیر اعظم پاکستان کی قابل اور باصلاحیت قیادت کے زیر اثر سمند ر پار پاکستانیوں کو قومی زندگی میں ان کا جائز اور بھر پور کردار ملے گا اور ان کے علم،تجربے اور مہارت کو ملک وقوم کی تعمیر وترقی میں بروئے کار لایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوپی ایف گرلز کالج اسلام آباد میں سٹوڈنٹس کونسل کی حلف برداری اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں تعریفی اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایوب آفریدی نے کہا کہ ہر قوم اپنے بچوں کو ساز گار ماحول میں پرورش کے لئے بہترین دستیاب و سائل بروئے کار لاتی ہے ۔اس سلسلے میں سمندرپارپاکستانیوں کے بچوں کو معیار ی تعلیمی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اوپی ایف کے تعلیمی اداروں کے قیام کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پوراکرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی توقعات کے مطابق ہم سمندرپار پاکستانیوں کو زندگی کے ہر شعبے میں سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،سمندرپارپاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اوپی ایف پاکستان بھر میں سمندرپارپاکستانیوں اور عام لوگوں کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں کردار اداکر رہاہے۔خصوصاََ اوپی ایف گرلز کالج اسلام آباد خواتین کی تعلیم میں مثالی کام کر رہا ہے اور اس ادارے کو ایک نمایاں حیثیت حاصل ہے۔اس موقع پر انہوں نے نو منتخب سٹوڈنٹس کو نسل کے اراکین سے حلف لیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔











