بورے والا،15 جنوری (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے چک نمبر 357ای بی بوریوالا کے رہائشی پاک فوج کے شہیدسپاہی محمد سرفرازکی قبر پر جا کر فاتحہ خوانی کی اور چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر ملتان ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔سپاہی محمد سرفراز نے بنوں جانی خیل میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیاتھا۔ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے شہید سپاہی محمد سرفراز کے گھر جا کر فاتحہ خوانی، اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیااور شہید محمد سرفراز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپاہی محمد سرفراز نے پاک وطن کی خاطر اپنی جان قربان کرکے شہادت کا رتبہ حاصل کیا ہے، دہشت گردی کے خلاف لازول قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اللہ تعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور شہید سپاہی محمد سرفراز کے درجات بلند کرے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا بلاول علی اور تحصیلدار شاہد نواب بھی موجود تھے۔
سورس:وی این ایس، بورے والا











