کوہلو، 15 جنوری (اے پی پی ): او جی ڈی سی ایل کے زیر اہتمام الشفاء آئی ٹرسٹ، ایف سی بلوچستان نارتھ ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے تعاون سے تین روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد ڈی ایچ کیو کوہلو میں کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر قربان مگسی ،لیفٹیننٹ کرنل مقتدیٰ حسین،ریجنل کوآرڈینیٹر او جی ڈی ایل اکرام اللہ کاسی نے تین روزہ فری آئی میڈیکل کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کردیا، اس موقع پر کوہلو کے دوردراز علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں افراد نے کیمپ میں اپنا مفت چیک اپ کرایا ۔فری آئی میڈیکل کیمپ میں الشفاء آئی ٹرسٹ سکھر کے ماہر امراض چشم مختلف علاقوں سے آئے مریضوں کا مفت علاج معالجہ کررہے ہیں جہاں انہیں مفت ادویات ، سرجری ،نظر کے چشمے و دیگر طبی سہولیات فراہم کئے جارہے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہلو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہ فری آئی میڈیکل کیمپ کے انعقاد سے علاقے کے لوگوں کو جدید سہولیات ان کے دہلیز پر میسر آئے ہیں، لوگ بڑی تعداد میں کیمپ سے مستفید ہورہے ہیں، او جی ڈی ایس ایل کی جانب سے منعقدہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔کیمپ سپروائز علی گوہر نے بتایا کہ اس تین روزہ کیمپ میں آنکھوں کے مریضوں کا فری چیک اپ کے علاوہ فری فیکوسرجری،فری گلاسز ادویات بھی فراہم کی جائیں گی ، اگر کسی مریض کا یہاں پر علاج نہ ہوسکا تو اس مریض کو ہم الشفاء ٹرسٹ کے ہسپتال سکھر ریفر کریں گے تاکہ اس مریض کا علاج کیا جاسکے۔
سورس: وی این ایس، کوہلو











