سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، چودھری عادل علی خان

36

اٹک،19 جنوری(اے پی پی): چیئرمین ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانی کمیٹی اٹک چودھری عادل علی خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

چودھری عادل علی خان نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانی کمیٹی اٹک کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع  پر ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار احمد خان، اسسٹنٹ کمشنرحضرو زوہیب احمد انجم سمیت دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ پولیس کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کا بغور جائزہ لیا گیاا اور تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر ان مسائل کو حل کریں اور اس سلسلے میں رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کی جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈسٹرکٹ اوور سیز پاکستانی کمیٹی اٹک چودھری عادل علی خان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی سطح پر پنجاب اوور سیز کمیشن قائم کیا گیا ہے جس کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیشن صوبہ بھر میں قائم کئے گئے ہیں جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مختلف شکایات کا جائزہ لے کر انہیں حل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو پاکستان کی معاشی حالت مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔اس سلسلے میں پاکستان میں مقیم تمام متعلقہ افسران کا یہ فرض ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا جائزہ لے کر انہیں فوری طور پر حل کریں تاکہ وہ بیرون ملک مطمئن زندگی گزار سکیں۔