مری ، 21 جنوری (اے پی پی ): محکمہ موسمیات کیجانب سے جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک مری میں شدید برفباری کی پیشنگوئی کی گئی ، سی ٹی او راولپنڈی وسیم ریاض کیطرف سے سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کےلئے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے سی ٹی او راولپنڈی وسیم ریاض نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے 200 سے زائداہلکارخصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ مری میں ضلعی انتظامیہ کے حکم پر آٹھ ہزار سے زائد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ شام 5بجے سے صبح 5بجے تک سیاحوں کے داخلہ پرمکمل پابندی ہو گی جبکہ مری کے ٹول پلازہ اور داخلی راستوں پرخصوصی چیکنگ و آگاہی پکٹس قائم کی گئی ہیں اور مری ٹول پلازہ اور داخلی راستوں پر سیاحوں میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
سی ٹی او وسیم ریاض نے کہا کہ مکینکلی فٹ گاڑی اور لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو ہی مری جانے کی اجازت دی جائے گی جبکہ مری آنے والے سیاح موسم کی شدت اور رش کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفرکا انتخاب کریں ۔انہوں نے کہا کہ سخت سردی کے پیش نظر گاڑی میں اضافی گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاءضرور رکھیں ،گاڑی میں ہیٹر کے استعمال کی صورت میں گاڑی کے شیشوں کو مکمل طور پر بند کرنے سے کاربن مونو آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے، اس سے گریز کریں، دوران برفباری گاڑی خراب ہونے یا برف میں پھنسنے کیصورت میں گاڑی میں رات گزارنے سے اجتناب کریں۔
چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ دوران برفباری سلپری روڈ ہونے کے باعث گاڑیوں کے ٹائروں پر چین کا استعمال کریں،دوران برفباری روڈ سے برف ہٹانے والی مشینوں کو فوری راستہ دیں تا کہ روڈ سے برف ہٹا کر راستہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ
مری میں تقریبا3500گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے ۔اس کے علاوہ سیاحوں کی سہولت کے لیے اضافی گاڑیوں کو سنگل سائیڈ پر پارک کروایا جاتا ہے ۔ انہوں نےمزید کہا کہ برفباری کے دوران روڈ کے دونوں سائیڈوں پر برف ہونے کی وجہ سے روڈ کے سائیڈ پر گاڑی کھڑی کرنے سے گریز کریں،تنگ روڈ ہونے کیوجہ سے روڈ پر گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں بنانے سے گریز کریں۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے کہا کہ برفباری کے دوران مری آنے والے سیاح مکینکلی طور پر درست گاڑی کا انتخاب کریں اور سیاح ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر اپنی گاڑی میں مکمل ٹول کٹ لازمی رکھیں۔مری آتے وقت اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں جبکہ مری کی سڑکوں پر دوطرفہ ٹریفک چلتی ہے لہذا ڈبل لائن ہر گز نہ بنائیں ۔
انہوں نے کہا کہ اپنے سفر کو محفوظ بنانے کےلئے ون وے کی خلاف ورزی اور غلط اوور ٹیکنگ سے گریز کریں،سیاح حضرات اپنے سفر کو محفوظ اور پر سکون بنانے کےلئے دی گئی سفر ی ہدایات پر عمل کریں۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے کہا کہ شاہراہوں پر کھڑے ٹریفک و ضلعی پولیس اہلکار آپ کی سہولت کےلئے ہیں انکے ساتھ تعاون کریں۔











