اوکاڑہ،23جنوری(اے پی پی): گزشتہ روز نجی سکول سے غائب ہونے والے نویں جماعت کےتینوں طلبہ وطالبات فیصل آباد سے مل گئے، مزید حقائق تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔
میڈیا اے گفتگو میں ڈی پی او فیصل گلزار نے بتایا کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع نجی سکول میں نویں جماعت کے طالب علم نبیل ،مبرا اور رابعہ رحمت سکول سے چھٹی کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی سکول کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی گئی، پولیس نے تینوں بچوں کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے نبیل نامی بچے کے والد عبدالجبار کی مدعیت میں نا معلوم ملزمان کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی۔ رات گئے تک سراغ نہ ملا تو ملحقہ اضلاع کی پولیس کو بھی آگاہ کیا گیا، اس دوران فیصل آباد چوک گھنٹہ گھر میں ایک آئس کریم پارلر پر ان بچوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تو فیصل آباد پولیس پارٹی کو وہاں بھجوایا گیا جنہوں نے تینوں بچوں کو بحفاظت اپنی تحویل میں لے لیا اور ایس ایچ او اے ڈویژن انجم ضیا پولیس پارٹی کے ہمراہ بچوں کو فیصل آباد سے واپس لائے۔
ڈی پی او فیصل گلزار نے بتایا کہ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق نبیل نامی بچے کے پاس چار ہزار کے قریب رقم موجود تھی،بچے پہلے چھٹی کے بعد لاری اڈا سے وین میں سوار ہو کر ساہیوال گئے وہاں سے ملتان چلے گئے، رات گیارہ بجے کے قریب میٹرو بس اسٹیشن میں سوار ہوئے اس کے بعد صبح سویرے واپس اوکاڑہ آنے کے لیے سوار ہوئے جب بس اوکاڑہ پہنچی تو بچے سوئے رہے اور بس فیصل آباد پہنچ گئی جہاں سے اتر کر بچے چوک گھنٹہ گھر پہنچے ۔پولیس کو اطلاع ہو نے پر فیصل آباد پولیس بچوں کو اپنی نگرانی میں مقامی پولیس اسٹیشن لے گئی جہاں سے بچوں کو پولیس کے ذریعہ والدین کے حوالےکردیا گیا۔
سورس: وی این ایس ، اوکاڑہ











