کوئٹہ، 25 جنوری (اے پی پی ): بلوچستان یونین آف جرنلسٹس وکوئٹہ پریس کلب کے صدور، سینئرصحافیوں نے لاہورمیں صحافی حسنین شاہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسنین شاہ کا قتل آزادی صحافت کا گلاگھونٹنے کے مترادف ہے، پنجاب حکومت حسنین شاہ کے قاتلوں کو گرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدرسلما ن اشرف، صدرکوئٹہ پریس کلب عبدالخالق رند،جنرل سیکرٹری بی یو جے فتح شاکر نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام لاہور میں صحافی حسنین شاہ کے قتل کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مظاہرے سے بی یوجے کے صدرسلمان اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک مرتبہ پھر صحافی اپنے شہید ساتھی حسنین شاہ جنہیں گزشتہ روزلاہورپریس کلب کے سامنے فائرنگ کرکے شہیدکیاگیا ان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے سراپااحتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہورمیں پیش آنے والا واقعہ ہمارے لئے پیغام ہے کہ آزادی صحافت سے پیچھے ہٹ جائیں تاہم ہمارے اکابرین نے سمجھوتہ کیانہ ہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہدکرنا ہوگا کہ بلوچستان، کے پی کے، سندھ اورپنجاب میں شہیدہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے آوازاٹھائیں گے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چالیس سے زائد صحافیوں نے دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کیامگرافسوس ان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے حکومت اورپولیس کی جانب سے کوئی خاطرخواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شہید صحافیوں کے قاتلوں کو فوری گرفتارکرکے ان کے لواحقین کی دادرسی اورصحافیوں کوتحفظ فراہم کرے۔ صدرکوئٹہ پریس کلب عبدالخالق رند نے کہا کہ بلوچستان اورکے پی کے میں صحافی پہلے ہی غیرمحفوظ تھے تاہم گزشتہ روزلاہورکے ایک مصروف ترین شاہراہ پرصحافی حسنین شاہ کاقتل یہ پیغام ہے کہ صحافی جہاں کہیں بھی ہوں غیر محفوظ ہیں، انہوں نے کہا کہ شہیدصحافیوں کے لہو، اکابرین کی جدوجہدقیدوبندکی صعوبتوں کی شکل میں آزادی صحافت کی جدوجہد آج بھی جاری ہے،انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا قتل آزادی صحافت کاگلاگھونٹنے کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب اوربی یوجے کے پلیٹ فارم آزادی صحافت کیلئے آوازاٹھارہے ہیں انہوں نے کہا کہ شہید صحافیوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ ہم صحافیوں کو دوبارہ اپنے کسی ساتھی کی شہادت کیخلاف مظاہرے کرنے کی نوبت نہ آئے ,,,











