چنیوٹ؛ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد، مقابلہ گائیکی، مصوری، ادب، دستکاری،تھیٹر اور لوک ڈانس کے مقابلہ جات ہوئے

29

چنیوٹ،26 جنوری  (اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے ویژن کے مطابق پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آبادکے زیر اہتمام ”صوبہ میں فن و ثقافت کے فروغ کیلئے” پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد گورنمنٹ اسلامیہ ڈگری کالج چنیوٹ کے ہال اور سبزہ زار میں کیا گیاجہاں پر مقابلہ گائیکی، مصوری، ادب، دستکاری،تھیٹر اور لوک ڈانس کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔تمام مقابلہ جات میں ضلع کے 16سے 40سال تک کے عمر کے طلباء و طالبات نے بھرپورانداز میں حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں اور فن کے جوہر دکھائے۔

پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے مہمانان خصوصی ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید تھے۔ جبکہ ڈائریکٹر آرٹس کونسل فیصل آباد زاہد اقبال،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد نول، سی او ایجوکیشن ظفر عباس ریحان، ڈی آئی او ریاض حسین مارتھ سمیت ماہر تعلیم، طلباء و طالبات، والدین، میڈیا نمائندگان اور شہری بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

تقسیم تقریب انعامات کے موقع پر ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے کہا کہ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام حکومت پنجاب کا قابل ستائش پروگرام ہے جس میں مقامی سطح پر باصلاحیت نوجوانوں کو اپنے ہنر کے اظہار کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے۔ ہمارے باہنر طالب علم اور مقامی فنکار وں کو پورے پنجاب میں اپنے فن کے اظہار سے خود کو ایک نئی پہچان دینے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔انہوں نے  کہا کہ چنیوٹ کی زرخیز زمین کے باصلاحیت فنکار اپنے ہنر سے اپنا اور اپنے ضلع کا نام روشن کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق فن و ثقافت کے فروغ کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے انعقاد سے نوجوانوں کا آرٹس اینڈ کلچر کے حوالے سے ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئیگا۔پاکستان کا مستقبل انہی باہمت نوجوانوں سے جڑا ہوا ہے آپ اپنی محنت،قابلیت سے اپنا مقام پیدا کریں۔ پنجاب حکومت نے فن کے اظہار کے لئے ایک بہترین مواقع فراہم کئے ہیں۔

بعد ازاں مہمانان خصوصی نے دستکاری میں حصہ لینے والی پوزیشن ہولڈرز طالبات میں انعامات تقسیم کئے جبکہ ڈپٹی کمشنر نے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کو اپنے آفس بلوا کر بھی انعامات دینے کا اعلان کیا۔

 ڈائریکٹر آرٹس کونسل فیصل آباد زاہد اقبال نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے چنیوٹ  میں انعقاد کے لئے تمام سہولیات کی فراہمی اور انتظامی افسران کی جانب سے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔