چنیوٹ،26 جنوری (اے پی پی ): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کیپٹن(ر)بلال افتخار نے کہا ہے کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے اس سلسلہ میں تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال،عزت و آبرو کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی سے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنے کا ٹارگٹ دیاگیا۔ پولیس نے شبانہ روز محنت کرکے ڈکیتی،راہزنی،چوری کی سنگین وارداتوں میں مطلوب14 خطرناک ڈکیت گینگز سمیت 100سے زائد ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے ۔گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 1کروڑ 55لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ جس میں طلائی زیورات سونا چاندی،مال مویشی بھینسیں،گائے دیگر مویشی،مسروقہ ٹرالی ٹریکٹر،کار، مسروقہ موٹرسائیکل،گھریلو سامان پنکھے،کپڑے،موبائل فون وغیرہ شامل ہیں جبکہ ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں غیرقانونی اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔ملزمان کے قبضہ سے ڈکیتی،راہزنی،چوری کے مقدمات میں 33لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مسروقہ نقدی سمیت 40مسروقہ موٹرسائیکلیں،ٹریکٹر ٹرالی،کاربرآمد کرلی گئی۔ملزمان کے قبضہ سے 41لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مویشی جس میں 37 راس گائے بھینسیں،بیل،بکرے،کٹے،وچھیرے وغیرہ سمیت 17لاکھ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات سونا چاندی،،موبائل فون،موبائل اسیسریز،سولرپلیٹس،گھریلو سامان برآمد کیاگیا۔
ملزمان سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ پسٹل،بندوقیں،کلاشنکوفیں،رپیٹر،رائفلیں معہ گولیاں برآمدکرلیاگیا۔کاروائیاں تھانہ محمد والا،تھانہ چناب نگر،تھانہ لالیاں،تھانہ کانڈیوال،تھانہ سٹی،صدر،رجوعہ،لنگرانہ،بھوانہ کے علاقوں میں کی گئیں۔سرکل چناب نگر نے سب سے زیادہ 96لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔سرکل سٹی پولیس نے 46لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔سرکل بھوانہ پولیس نے 12لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔تھانہ محمد والا پولیس نے سب سے زیادہ 44لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ،نقدی،طلائی زیورات برآمدکئے۔ڈکیتی،راہزنی چوری کے 100سے زائد مقدمات یکسو کیے گئے۔مال مسروقہ برآمد کرکے مدعیان کے حوالے کردیا گیا۔
مدعیان نے مال مسروقہ واپس ملنے پرچنیوٹ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ڈی پی او نے اچھی کارکردگی پرایس ایچ اوز اورپولیس ٹیموں کو شاباش دی اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا۔انشاء اللہ ضلع چنیوٹ سے جرائم پیشہ عناصر کا صفایاکیا جائے گا۔











