بہاولنگر،28 جنوری (اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی ہدایت اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی خاں کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدارنے بلدیہ ہال منچن آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، کھلی کچہری میں ایس ڈی پی اومنچن آباد عبدالحنان بھی موجود تھے۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری میں آئے سائلین اور شہریوں کے مسائل خود سنتا ہوں اور ان کے ازالہ تک متعلقہ افسران سے میرامسلسل رابطہ رہتا ہے۔کھلی کچہر ی کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی پولیس اور عوام کے درمیان خلیج کو دور کرنا ہے، میرے آفس کے دروازے تمام شہریوں کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں اوراوپن ڈور پالیسی کے تحت سرکل ہائے میں جاکر کھلی کچہری لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈی پی او بہاولنگر نے کھلی کچہری میں موجود تما م شہریوں کی درخواستوں کا بطور تفصیلی جائزہ لیا اوران کی شکایات سنتے ہوئے کچھ مسائل موقع پر ہی حل کردیئے جائیں جبکہ پچیدہ معاملات کے حل کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔
ڈی پی او نے احکامات جاری کیے کہ میرٹ پر تفتیش یقینی بنا کر جلد از جلد رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل اور شکایات کے حل اور عوام الناس کو بلا رکاوٹ فوری انصاف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے، جہاں پر ان کی داد رسی کیلئے فوری احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او کی ہدایت پر تما م سرکل کے ایس ڈی پی اوز نے بھی اپنے اپنے سرکل ہائے میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاتاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔











