حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے؛ ڈپٹی کمشنر اٹک

55

اٹک،28 جنوری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، عوام مخصوص جگہ پر کوڑا کرکٹ پھینکیں اور موجودہ صفائی  مہم میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے  اس مہم کو کامیاب  بنائیں ۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع کونسل اٹک میں صفائی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ ڈی سی اٹک نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں 28 جنوری سے 28 فروری تک ماہ صفائی منایا جائے گا جس میں ضلعی سطح سے لیکر یونین کونسل کی سطح تک تمام میونسپل کمیٹیز گلیوں، نالیوں، سڑکوں اور دیگر مقامات کی صفائی کریں گی۔ اس ضمن میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ ماہ صفائی کی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے  کہا کہ صفائی  نصف ایمان ہے کی حدیث مبارکہ پر عمل کرتے ہوۓ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر وقار علی خان، چیف آفیسر ضلع کونسل اٹک خان بادشاہ ،کونسل افسران سردار عابد رضا خان، ملازم شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سی او ایم سی اٹک عظمت فرید وڑائچ ، سی او ایم سی حضرو مبارک علی خان اور دیگر چیف افسران نے اپنے علاقوں میں ماہ صفائی کی مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر علاقہ کے کثیر افراد نے شرکت کی۔