وزیر اعظم عمران خان کو غریبوں کی فکر ہے، جو پاکستانی قوم کے مسائل حل کررہے ہیں؛ ملک امین اسلم خان

42

اٹک،28جنوری  (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان قرضوں میں جھکڑا ہوا ملا ، سابق حکمران ملک کے غریبوں پر قرض چڑھا کر گئے، جبکہ وزیر اعظم عمران خان کو غریبوں کی فکر ہے، جو پاکستانی قوم کے مسائل حل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 70 سالوں کا گند تین سالوں میں صاف نہیں ہو سکتا۔

 وہ جمعہ کو اٹک کے تحصیل حسن ابدال میں حصار تا کٹاریاں 12 کلو میٹر سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ معاون خصوصی نے  کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی اپنا گھر سکیم کے تحت ہر غریب کو رہنے کیلئے چھت مل سکے گی۔

حسن ابدال میں زرعی زمین پر قبضے کی عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ زرعی اصلاحات میں کسی کا حق مارا گیا ہے تو اس کیلئے کمیشن بنا کر قبضہ مافیا کو گردنوں سے دبوچیں گیاور اگر کسی غریب کا حق مارا گیا تو اس سے چھین کر حقدار کو دلائیں گے۔ انہوں  نے کہاکہ کوٹ سنڈکی کے عوام کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے فلٹریشن پلانٹ ، ایک کروڑ کا فنڈ اور سڑک کا تحفہ لیکر آیا ہوں ، ترقیاتی فنڈز پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک کے کونے کونے میں خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ میری وزارت کے دروازے کھلے ہیں اور میرے ضلع اٹک کے عوام کو مجھ سے ملنے کیلئے کسی اجازت اور تلاشی کی ضرورت نہیں پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کوٹ سنڈکی میں سوئی گیس اور بجلی سمیت تمام مسائل حل کریں گے،اٹک میں دو سو بیڈ پر مشتمل زچہ بچہ ہسپتال جدید علاج کیلئے بنا رہے ہیں ، ہیلتھ کارڈ بننا شروع ہو گئے ہیں ، صحت کارڈ پاکستان میں ایک انقلاب ہے جس نے امیر غریب میں تفریق ختم کر دی ۔انہوں نے کہا کہ  اس کارڈ سے غریب بھی اس پرائیویٹ ہسپتال سے علاج کروا سکے گا جہاں کوئی امیر جا کر اپنا علاج کرواتا ہے ۔

ملک امین اسلم نے کورونا سے صحتیابی کیلئے دعائوں پر عوام کا شکریہ بھی  ادا کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اور علاقہ عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔