لاہور، 29جنوری (اے پی پی): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ انسداد مہنگائی و گراں فروشی کے لئے کمر بستہ،اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اینڈ کوآرڈینیشن ساجد منیر کلیار نے علامہ اقبال زون اور ٹاؤن شپ کے علاقے کا دورہ کیا اور یورو سٹور انتظامیہ کو 65 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیااور ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا گیا، یورو اٹارنی پر ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں نہیں کیا گیا تھا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی تضاد تھا۔
اس موقع پر اسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ منافع خوروں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا، ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ کے حکم پر انسداد مہنگائی و گراں فروشی کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری طرف ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ بھی ازخود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لئے متحرک ہیں انہوں نے ایم اے او کالج چوک پر واقع ڈیپارٹمنٹل سٹور کا اچانک دورہ کیا اور آٹا، چینی اور دالوں کی قیمتوں کو چیک کیا ، آٹا اور چینی وافر مقدار میں موجود پائی گئی جبکہ چینی 90 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کی جارہی تھی، ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔سٹور انتظامیہ کو شہریوں کی سہولت کے لئے ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی اوراشیائے ضروریہ کی فروخت کو ڈی سی ریٹ پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے دورہ کے بعد تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹس میں وائٹ بورڈز کو نمایاں جگہ پر آویزاں کروایا جائے، پھل و سبزی بیچنے والوں کو بھی ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی جائےاور آٹا کے ریکارڈ کو چیک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ڈی سی کاؤنٹرز پر اشیائے ضروریہ مناسب انداز میں منیٹین نہیں ہیں وہاں فوری ایکشن کیا جائے، گراں فروشوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور اشیائے ضروریہ کی فروخت کو سرکاری نرخوں پر یقینی بنانے کے حوالے سے پوری طرح سے متحرک رہے۔
سورس: وی این ایس، لاہور











