اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے پیرکو یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ حکومت لا اینڈ ریفارمز پیکج لا رہے ہیں۔ یہ ملکی تاریخ کا ایک بہت بڑا پیکج ہو گا۔ میں نے بھی اس حوالے سے اپنی تجاویز دی ہیں۔ کابینہ نے اس کی منظوری دی ہے ۔ یہ اصلاحات آرڈیننس کے ذریعے نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا اور پارلیمانی کمیٹیوں میں تمام جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں ان پر بحث ہو گی۔ اگر کوئی چاہتا ہے کہ وہ تجاویز دے تو حکومت اس کا خیر مقدم کرے گی۔ انہوں نے پاکستان میں عدالتی اصلاحات کی شدید ضرورت ہے۔ اس سے پہلے کبھی کسی بڑے پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا ۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے بڑے بڑے ایوانوں میں بیٹھنے والوں کے محلات میں زلزلہ آیا۔ یہ کہنا درست نہیں کہ احتساب ناکام ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر احتساب ناکام ہوتا تو سابق وزیراعظم ملک سے فرار نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ جو کام پچھلے 71 سالوں میں نہیں ہو سکا عمران خان کی حکومت کو یہ نہ کہا جائے کہ وہ یہ نہ کرے، پہلی مرتبہ بڑے بڑے لوگ قانون کی زد میں آئے، برابری کی بنیاد پر احتساب کیا گیا ، لوگوں سے پہلی مرتبہ کہاگیا کہ وہ مقدمات کا سامنا کریں، ماضی میں لوگ ادارے پر چڑھ دوڑتے اب بھی گھیرائو کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں،آزاد عدلیہ کی آزادی میں حکومت کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی شعبہ ایسا نہیں ہے جس میں اصلاحات نہ آئی ہوں۔











