لاہور 31 جنوری ( اے پی پی ): آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان سے سنٹرل پولیس آفس میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کی قیادت میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے ملاقات کی ۔18 رکنی وفد میں تمام مسالک کے علمائے کرام اور مشائخ عظام شامل تھے۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئےآئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا کہ علمائے کرام کا معاشرے کی تعمیر میں کلیدی کردار ہےنوجوان نسل میں تشدد اور عدم برداشت کے خاتمہ کے لیے مساجد اور مدارس انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے تعاون سے ہی انتہا پسندی اور تعصبانہ رویوں کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران اضلاع میں قائم امن کمیٹیوں سے مزید بہتر کوآرڈی نیشن کریں ۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے سانحہ سیالکوٹ میں پنجاب پولیس کے بروقت رسپانس اور مثبت کردار کو سراہتے ہیں ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور منشیات کے خلاف مہم میں علمائے کرام پنجاب پولیس کے ساتھ مل کر آگہی مہم چلائیں گے۔ پولیس اور علمائے کرام کے درمیان مقامی سطح پر رابطے کو بڑھایا جائے تاکہ لوگوں میں اعتماد کی فضا پیدا ہوسکے قیام امن کے لیے اتحاد بین المسلمین انتہائی ضروری ہے، علمائے کرام اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ملاقات میں مساجد، مدارس اور مزاروں سے متعلقہ سکیورٹی اور اور ٹریفک کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔آخر میں علمائے کرام نے پنجاب پولیس کے شہداء کے بلند درجات اور ملکی سلامتی کے لیے دعا کی۔وفد میں علامہ محمد حسین اکبر، علامہ زبیر احمد ظہیر،مولانا سردار محمد خان لغاری،علامہ عبدالوہاب روپڑی، مفتی مبشر احمد، مفتی محمد رمضان سیالوی شامل تھےپیر محمد عثمان نوری، مولانا اسد عبید، حافظ خالد حسن،حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ رشید ترالی، قاری فتح محمد راشدی، مفتی سید عاشق حسین شاہ، شوکت عزیز، سید عبدالبصیر آزاد اور حافظ محمد اجمل حسین بھی شامل تھے۔











