وہاڑی، یکم فروری ( اےپی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی محمد طارق عزیز کی سربراہی میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اسی سلسلہ میں تھانہ ماچھیوال پولیس نے تعلیمی اداروں سمیت مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والے گروہ کو گرفتار کرکے اور ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات ضبط کرلی پولیس تھانہ ماچھیوال نے چک نمبر 19 کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات جیسے زہر کی سپلائی کرنے والے ملزمان ساجد اور صابر عرف کاکا کو گرفتار کرکے بالترتیب 3720گرام چرس اور 2460گرام چرس برآمد کی ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ چک نمبر 21ڈبلیو کے رہائشی ڈرگ ڈیلر منیر ڈھڈی کی منشیات فروخت کرتے ہیں جس پر ڈی پی او وہاڑی محمد طارق عزیز کی ہدایات پر ایس ایچ او ماچھیوال حسن آفتاب کیانی کی زیر نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دی جنہوں نے کامیاب ریڈ کے دوران وہاں پر موجود 51 کلو 245 گرام چرس کو قبضہ میں لے لیا
اس موقع پر ڈی پی او وہاڑی محمد طارق عزیز کا کہنا تھا کہ نشے کی عادت جہاں انسانی تباہی کا باعث بنتی ہے وہیں کئی معاشرتی اور سماجی برائیوں کو بھی جنم دیتی ہے۔ معاشرے سے منشیات کی لعنت اور اس مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام تھانہ جات میں پولیس ٹیمیں فاسٹ ٹریک پر کاروائیاں کر رہی ہیں۔











