وہ وقت دور نہیں جب ہم ٹیکس کے اہداف پورے کرینگے اور فارن ایکسچینج کو بھی بچائیں گے، شوکت ترین

36

اسلام آباد۔1فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین نے منگل کو یہاں ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر کرنسی ڈیکلیئریشن کے نئے خودکار نظام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم ٹیکس کے اہداف پورے کرینگے اور فارن ایکسچینج کو بھی بچائیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ نظام میں بہتری کیلئے پورے سسٹم کو آٹومیشن کی طرف لے جانے کی ضرورت ہے، حکومت اس ضمن میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے جس سے بہت بڑی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی خواہش ہے کہ ہماری فارن ایکسچینج اپنے ملک میں رہے اور استطاعت کے مطابق ٹیکسوں کی وصولی بھی ہو۔ انہوں نے کرنسی ڈیکلیئریشن کے خودکار نظام میں نادرا اور ایف آئی اے کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم ٹیکس اور فارن ایکسچینج کے حوالہ سے اپنے تمام تر اہداف حاصل کریں گے۔ قبل ازیں چیئرمین ایف بی آر نے کرنسی ڈیکلیئریشن کے نئے خودکار نظام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ایئرپورٹس پر ایگزٹ یا انٹری پر کرنسی ڈیکلیئریشن دینا ہوتی تھی، یہ نظام مینوئل تھا جس میں کئی نقائص تھے، کئی لوگوں کی کرنسی ڈیکلیئریشن کا ریکارڈ نہیں ملتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ 15 ملین مسافر پورٹس پر آتے ہیں جنہیں مینوئل طریقہ سے ہینڈل کرنا مشکل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اور نادرا کے تعاون سے اب نیا خودکار نظام متعارف کرایا گیا ہے جس سے وقت کی بچت ہو گی جبکہ ریکارڈ بھی برقرار رہے گا۔