مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل ہونا چاہئیے،ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،فرخ حبیب

25

اسلام آباد۔3فروری  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل ہونا چاہئیے،ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،پورے پاکستان اور دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کے دلوں میں کشمیر بستا ہے،پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا،وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین میں بھی مسئلہ کشمیر پر بات ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنزکے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ڈیجیٹل تصاویری نمائش کے موقع پر شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے کیا، یوم یکجہتی کشمیر پر شاندار نمائش کے انعقاد پر ڈیمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے ظلم اور بربریت کو طلباء نے پینٹنگز کے ذریعے اجاگر کیا ہے،کشمیر کی مائوں، بہنوں کی تکالیف کوہم محسوس کرتے ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان ہمیشہ آواز بلند کرتا رہا ہے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ 5 اگست کے ہندوستانی قدم کے بعد سے 80 لاکھ کشمیری قید ہیں، نہ میڈیا آزاد ہے نہ سوشل میڈیا چل رہا  ہے، مودی کی آر ایس ایس سوچ کا عملی مظاہرہ کشمیر میں ظلم اور بربریت کی صورت میں دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی جیسے جوان کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے سچے وکیل اور دلیر سفیر کا کردار کیا اور مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر موثر انداز میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا- انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بندوستانی مظالم کو اجاگر کرنے پر اب مغربی میڈیا نے بھی اس مسئلہ پر بات کرنا شروع کر دی ہے – وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ دنیا کو بھی اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھنے چاہئیں، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل ہونا چاہئیے-