چاہتے ہیں کھیلوں کی فیڈریشنز میں نجی شعبہ بھی شامل ہو،مالی طور پر مستحکم فیڈریشنز سے کھیلوں کے فروغ میں مدد ملے گی، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا  کی میڈیا سے گفتگو

25

اسلام آباد۔3فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے   پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا ہے کہ  چاہتے ہیں کھیلوں کی فیڈریشنز میں نجی شعبہ بھی شامل ہو،مالی طور پر مستحکم فیڈریشنز سے کھیلوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آئین کے مطابق انتخابات کرائیں گے انہوں نے کہا کہ میڈیا بھی کھیلوں کی ترقی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں سہولیات کو اپ گریڈ کر رہے ہیں اور کھیلوں میں سیاست نہیں ہونی چاہئے۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا کہ پہلے فیفا ہاوس کو لیں گے پھر الیکشن کروائیں گے۔فیفا اور این سی ممبرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ  بھی پاکستان فٹ بال کے لئے مثبت انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے اب معاملات اگے بڑھیں گے فیفا ہاوس کی واپسی کے بعد پاکستان پر معطلی ختم ہو جائے گی۔ اور ملک میں انتخابات کا عمل شروع ہو جائے گا پہلے کلبوں کی رجسٹریشن اور سکروٹنی کا عمل  جلد شروع ہوگا۔ اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے منصفانہ انتخابات کروا کر چارچ نئی مجلس عاملہ کے حوالے کیا جائے گا