اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الہٰی نے کہا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ عوام کے لئے سستی بجلی کے حصول کا ذریعہ بنے گا ،منصوبہ کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی کے 17ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری برائے آبی وسائل اور چیئرمین واپڈا سمیت وفاقی و صوبائی حکومتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے شاہراہ قراقرم کے نئے حصہ کی تعمیر کے لئے درکار 700 ایکڑ اراضی کے حصول میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر مونس الہٰی نے داسو پراجیکٹ کے متاثرین کو معاوضہ میں ادائیگی میں تاخیر اور داسو سے پتن تک ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر میں تعطل پر متعلقہ حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ داسو پراجیکٹ کے کسی بھی شعبے میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ داسو پراجیکٹ کے متاثرین کو فوری نظر ثانی شدہ نقل مکانی پیکیج ادا کیا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ انڈس ریور اپ سٹریم پر داسو میں تعمیر کیا جا رہا ہے، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ عوام کے لئے سستی بجلی کے حصول کا ذریعہ بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا 30 جون 2022 تک داسو پراجیکٹ کے لئے درکار بقیہ 700 ایکڑ اراضی کے حصول کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پتن کے باسیوں سے جلد از جلد معاملات طے کرے تا کہ داسو پراجیکٹ کے لئے درکار بجلی کی ٹرانسمیشن لائن تعمیر ہو سکے۔











