سکھر۔4فروری (اے پی پی):کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج میں ریلی اور سیمنار کا انعقاد کرتے ہوئے شعور بیدار کرنے کے لئے ٹیبلوز پیش کئے گئے۔ 5 فروری اظہار یکجہتی کشمیر کے حوالے سے گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج سکھر کی طالبات نے ٹیبلوز پیش کرکے کشمیریوں پر بھارتی ظلم وستم کی بھرپور عکاسی کی، ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا جس کی قیادت سکھر ریجنل ڈائریکٹر غلام سرور عباسی، گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج کی پرنسپل میڈم شمیم ممتاز بخاری نے کی۔ طالبات نے فلک شگاف نعرے لگائے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل شمیم ممتاز بخاری نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، بھارت 72 سال سے کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے، پاکستانی عوام پہلے دن سے کشمیریوں کے ساتھ تھے اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے،عالمی دہشت گرد مودی کو اب لگام دینے کی ضرورت ہے۔عالمی برادری کشمیریوں کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ریجنل ڈائریکٹر غلام سرور عباسی نے کہا کہ کشمیر کی اپنی ثقافتی، تہذیبی اور جغرافیائی حیثیت ہے، جسے بھارت سبوتاز کرنے کی کوشش کر رہا ہے، کشمیر کا مسئلہ صرف جغرافیائی مسئلہ نہیں ہے، بلکہ بھارت کشمیر کے وسائل پر بھی قابض ہے، بھارت کشمیر پر زبردستی مسلط ہو کر کشمیری خواتین اور بچوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔











