کراچی۔5فروری (اے پی پی):گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ انشااللہ وہ وقت دور نہیں ہے جب ہمارے کشمیری بھائیوں کا لہو رنگ لائے گا ، آج کے دن ہم ان کے ساتھ اس لئے کھڑے ہوتے ہیں کہ ان کو یہ احساس رہے کہ پاکستان کا بچہ ، بوڑھا ، جوان، مائیں، بہنیں ، بیٹے ، بیٹیاں سب اپنے کشمیر کی عوام کے ساتھ اکھٹے کھڑے ہیں ، ہندوستان کو آج یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ جو آگ وہ کشمیر میں لگا رہا ہے اسی آگ سے ہندوستان کو آگ لگے گی اور وہ خاکستر ہوجائے گا۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف کراچی کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے انصاف ہائوس تا مزارقائد نکالی جانی والی ریلی میں شرکت کی اور مزار قائد پر یوم یکجہتی کشمیر ریلی کے شرکاسے خطاب کیا ۔ ریلی میں اراکین اسمبلی ، پارٹی کے عہدیدارن نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ آج کا دن ہمارے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہوتا ہے اور آج کے دن پوری پاکستانی قوم ایک ہو کراپنے کشمیر بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہوتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جو ظلم و بربریت کا بازار ہم کشمیر میں دیکھتے ہیں، ہمارے بین الاقوامی اداروں اور ہیومن رائٹس آرگینائزیشنز کو ان پر آواز بلند کرنا چاہئیے اورایکشن لینا چاہئیے۔ میں پوچھتا ہوں کہ کشمیر میں بہتا ہوا خون نظر نہیں آتا ، انہیں وہاں پر لاشیں گرتی ہوئی نظر نہیں آتی، وہاں پر بموں کی بوچھاڑ نظر نہیں آتی ؟۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار، سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان اور دیگر رہنائوں کے علاوہ خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی ۔ ریلی کے شرکاء نے بھارٹی قابض فوج کے خلاف اور کشمیر ی بہن بھائیوں کے حق میں نعرے بازی کی۔











