ملتان؛ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن  آفس میں کشمیر یکجہتی واک کا انعقاد

21

ملتان، 05 فروری 2022 (اے پی پی ): ینگ پاکستانیز آرگنائیزیشن، نظریہ پاکستان فورم ملتان اور پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتیِ کشمیر کے سلسلے میں ہفت روزہ تقریبات کے چھٹے روز ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان آفس میں کشمیر یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈویژنل آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان ڈویژن میاں محمد ماجد، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، ممتاز عالم دین وماہر تعلیم پروفیسر عبد الماجد وٹو،سیاسی و سماجی رہنما سلیمان الہیٰ قریشی ایڈووکیٹ نے کی۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن میاں محمد ماجد نے کہا کہ کشمیریوں سے ہمارا خون کا رشتہ ہے، ہم ایک روح اور دو جسم ہیں جو ایک دوسرے سے جوڑے ہوئے ہیں، مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کی تکمیل کے لے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔

اس موقع پر یکجہتی کشمیر واک میں شرکاء نے آزادی کشمیر اور کشمیربنے گا پاکستان کے نعرے لگائے جبکہ شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم اور بنیرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

 شرکاء واک میں گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ، خصوصی طلباء و طالبات اور دیگر شامل تھے۔

سورس: وی این ایس،ملتان