آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چائیے؛صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری

39

اٹک،05فروری(اے پی پی): صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چائیے،کشمیریوں کو آزادی نہ دے کر انکا  بنیادی حق پا مال کیا جا رہا ہے جو انتہائی زیادتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ضلع کونسل ہال اٹک میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام عالم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور بھارت کو مجبور کریں کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے اور انہیں ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام ڈوگرہ راج کے وقت سے آزادی کیلئے کو شاں ہیں اور آج بھارتی حکومت ان پر آر ایس ایس کی ایما پر ظلم وستم ڈھا کر ان کی آواز کو دبانا چاہتا ہے جو ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم وستم کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔

صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کی عوام کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے،جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے اور بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار دے۔

 سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حق تھا مگر انگریزوں نے بھارت کے ساتھ ساز باز کر کے خطے کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کر دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو بھارت کے ناجائز تسلط سے آزادی حاصل ہوگی اور وہ آزاد فضاء میں سانس لیں گے اور آزاد زندگی بسر کریں گے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی مخصوص آئینی حیثیت تبدیل کر کے اقوام متحدہ کے معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہء رگ اور جو بچہ بھی پاکستان میں پیدا ہوتا ہے وہ پہلے کشمیر کا لفظ سیکھتا ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آج کے مشکل ترین حالات میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور ہر سطع پر ان کی حمایت جاری رکھیں۔

تقریب میں حا ضرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی انہوں نے ہا تھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے۔ تقریب سے ڈی سی اٹک عمران حامد شیخ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے،ظلم اور بربریت کی بھرپور مذمت کی۔

آخر میں واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس کی قیادت صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری نےکی ۔واک میں ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ سمیت مختلف شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

ضلع کونسل ہال اٹک میں منعقد ہونے والی تقریب میں تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء طالبات نے تقاریر،ملی نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش کیے جس کو حاضرین نے بے حد سراہا اور ان کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔

سورس: وی این ایس، اٹک