اللہ کے فضل سے پاکستان کی سیکورٹی فورسز دنیا میں نمبر ون ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو

22

نوشکی، 6 فروری ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کی سیکورٹی فورسز دنیا میں نمبر ون ہیں جنہوں نے ہر کڑے اور مشکل وقت میں اپنی دلیری اور جرأت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور انہیں عبرت ناک شکست سے دوچار کیا۔ نوشکی اور پنجگور کے دہشتگردی کے واقعات اس کی روشن مثال ہیں جہاں ایف سی کے جوانوں نے چھپ کر بزدلانہ حملہ کرنے والے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا اور وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف سی کیمپ میں ایف سی کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی، صوبائی وزراء عبدالخالق ہزارہ، میر نصیب اللہ مری، محمد خان لہڑی، میر ضیاء لانگو، سینٹر کہدہ بابر، آغا عمر احمد زئی، رکن صوبائی اسمبلی میر بابو رحیم مینگل،سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی، چیف سیکرٹری مطہر نیا رانا اور کمشنر رخشان ڈویژن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے سیکورٹی اہلکار اپنے گھروں اور بچوں سے سینکڑوں میل دور دشوار گذار علاقوں میں وطن کی حفاظت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ان کا تعلق بلوچستان، پنجاب، سندھ اور کے پی کے سے بھی ہے ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں وہ ہمارا قابل فخر سرمایہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دشمن کسی بھی طور اور کسی بھی ذریعے سے ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتا اور نہ ہی انہیں مرعوب کرسکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2فروری کے واقعہ کے وقت ہمارے ایف سی اہلکار دہشتگردی کے حملے کیلئے تیار نہیں تھے تاہم اس کے باوجود انکا فوری رد عمل اور دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں،تربیت اور عزم کا مظہر ہے اور انہوں نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیاہے۔ یہ ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جو ہمیں اپنی فوج ایف سی پولیس اور لیویز پر فخر کرنے کا موقع دیتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2013سے پہلے صوبے کے مختلف علاقوں میں آزادانہ آمد و رفت ممکن نہیں تھی اور ایک خوف کا سماء تھا تاہم سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث آج بلوچستان میں امن قائم ہے لوگ آزادانہ سفر کرسکتے ہیں، تعلیمی ادارے کھلے ہیں، کاروبار چل رہے ہیں، سرمایہ کاری آرہی ہے اور روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے پیچھے قوم کی حمایت اور دعائیں ہیں بلوچستان کے عوام اپنی بہادر فورسز کے پیچھے کھڑے ہیں اور سیاسی حکومت بھی سیکورٹی فورسز کے ہر اقدام کے پیچھے بھرپو تائید و حمایت کے ساتھ موجود ہے۔