اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے سیاسی جدوجہد میں بڑے بڑے عوامی اجتماعات کئے ہیں، اضلاع کی سطح پر پارٹی ورکرز کنونشن منعقد کئے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ 9 فروری کو وزیراعظم فیصل آباد کا دورہ کریں جہاں وہ ہیلتھ کارڈ کا آغاز کریں جس سے ضرورت مند مریض اپنا علاج معالجہ کرا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کرایا جاسکے گا جس کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی، پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 31 مارچ تک پنجاب کی 100فیصد آبادی صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہوگی ۔











