اپر چترال، 08 فروری(اے پی پی):ضلع اپر چترال میں قاقلشٹ کے برف پوش وسیع میدان میں دو روزہ سرمائی کھیلوں کے ٹورنامنٹ کا آغاز کردیا گیا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواہ کے اقلیتی امور پر معاون خصوصی وزیر زادہ کیلاش نے فیتہ کاٹ کر اس ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ دو روزہ ونٹر سپورٹس ٹورنامنٹ میں سنو سکینگ، سنو بورڈنگ اور پیرا گلایڈنگ کے مقابلے ہورہے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ کو دیکھنے کیلئے آنے والی چند خواتین نے بتایا کہ موسم سرما میں جہاں لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہتے ہیں تو اس قسم کے کھیل ان کو اس بوریت سے نکال کر تازہ دم کرتے ہیں اور کہا کہ خواتین کیلئے بھی اس قسم کے ٹورنامنٹ کا اہتمام ہونا چاہئے تاکہ ان کو بھی چند لمحوں کیلئے محظوظ ہونے کے مواقع ملے۔
کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے بتایا کہ یہاں کی انتظامیہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے میں پر خلوص ہے اور صوبائی و وفاقی حکومت دونوں چترال میں ترقیاتی کاموں پر اربوں روپے لگا رہے ہیں۔
معاون خصوصی وزیر زادہ کیلاش کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت سرمائی سیاحت کو فروغ دے کر پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے اور کہا کہ خان صاحب کا ویژن ہے کہ سیاحت کو ترقی دیکر ملک کو ترقی دے۔
پیراگلاینڈ کے ایک پائلٹ جو صوبیدار ریٹائرڈ ہے نے کہا کہ چترال پیراگلایڈنگ کیلئے نہایت موزوں جگہ ہے اور ہم کئی سالوں سے اس فن کو بغیر کسی حکومتی امداد کے زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ میں زیادہ تر کھلاڑیوں کا تعلق لوئیر چترال کے وادی مڈگلشت سے ہےجن میں کم عمر بچے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ سنو سکینگ کے کھیل میں سب سے دلچسپ پہلو وہ تھا جب ایک شکاری پالتو کتا اپنے مالک کے ساتھ ساتھ بیک وقت برف کے میدان پر دوڑتاتھا اور وہ برف پر سکینگ کر رہا تھا۔
ٹورنامنٹ کو دیکھنے کیلئے ضلع لوئیر چترال کے ڈپٹی کمشنر انوار لحق اور دیگر مہمانان بھی موجود تھے۔ ونٹر سپورٹس کا اہتمام ضلعی انتظامیہ نے کیا ہے جسے کامیاب بنانے کیلئے ضلع اپر چترال کے ڈپٹی کمشنر منظور احمد آفریدی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان، اسسٹنٹ کمشنر شاہ عدنان، اے ڈی لوکل گورنمنٹ مصباح الدین اورانتظامیہ کا پورا نیٹ ورک دن رات محنت کرتا ہے۔ جبکہ چترال پولیس نے ڈی ایس پی محی الدین کی نگرانی میں پولیس فورس اور ایلیٹ فورس نے تمام جگہ کی تلاشی لیکر اس کی سیکورٹی کو یقنی بنایا۔











