فیصل آباد ۔8فروری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے منگل کو فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیاجہاں انہوں نے سی سی یو سمیت مختلف وارڈز میں جاکر زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے فراہم کی جانیوالی علاج معالجہ و دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے سی سی یو اور مختلف وارڈز میں داخل مریضوں کے تیمارداروں اور ان کے لواحقین سے بھی بات چیت کی جنہوں نے علاج معالجے کی سہولیات پر اطمینان کا اظہارکیا۔فرخ حبیب نے کہا کہ صحت کی اعلیٰ معیار کی سہولیات کی بلاامتیاز فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ اس ضمن میں ہیلتھ کارڈز کا بھی اجرا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی دیگر ڈویژنز کی طرح آج سے فیصل آباد سمیت ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ہر گھرانے کو بھی بتدریج ہیلتھ کارڈ کی سہولت میسر آجا ئے گی جس سے کسی بھی پسند کے ہسپتال میں پسند کے ڈاکٹر سے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کی جا سکے گی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات کی فراہمی سمیت کسی قسم کی کوئی دشواری اور پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔وزیر مملکت ہسپتال میں کورونا ویکسی نیشن سنٹرپر بھی گئے اور وہاں ویکسین لگوانے والے افراد سے بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی طرف سے کورونا ایس او پیز پر اس کی روح کے مطابق عمل نہ کرنے سے ایک بار پھر کورونا کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے لہٰذا شہری اپنی اور اپنے اہل خانہ و عزیز و اقارب کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے فوری کو رونا سے بچاؤ کی مفت حفاظتی ویکسین لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ تیس سال سے زائد عمر کے جن لوگوں کو دوسری ڈوز لگوائے چھ ماہ گزر گئے ہیں وہ احتیاطی و حفاظتی طور پر بوسٹر ڈوز بھی لگواسکتے ہیں۔اس دوران ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد ندیم اختر اور دیگر حکام نے انہیں ہسپتال کے مختلف امور اور علاج معالجہ کی سہولیات بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں نبیل ارشد اور چیئرمین پی ایچ اے میاں وارث عزیزایم پی اے بھی ان کے ہمراہ تھے۔











