راولپنڈی۔8فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوشکی بلوچستان کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ اور گورنر بلوچستان، وفاقی و صوبائی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کو علاقے میں سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم نے فوجی دستوں کے ساتھ بات چیت میں پاکستان کے لئے لازوال قربانیوں پر شہدا اور ان کے خاندانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم نے فوجیوں کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور آپریشنل تیاریوں اور بہادری کو سراہا جس کے ساتھ انہوں نے دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کیا۔ وزیراعظم نے بلوچستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کی باقیات کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کی حمایت کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک جامع قومی کوشش، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون اور مسلح افواج کی مدد سے ہم بلوچستان کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے علاقے کے قبائلی عمائدین سے بھی بات چیت کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی غیر متزلزل حمایت اور بلوچستان میں خوشحالی اور ترقی کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات میں ان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے جرگے کے اراکین کو بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے مخلصانہ تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی ہماری ترجیح اور پاکستان کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے۔











