فیصل آباد۔9فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے کہاہے کہ پنجاب میں 400ارب کی لاگت سے تاریخی ہیلتھ انشورنس سکیم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس وقت صوبہ کی 73فیصد آ بادی ہیلتھ کور حاصل کر رہی ہے جبکہ 740ارب کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جنہیں مالی سال کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا۔ وہ بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی فیصل آباد آمد اور جامعہ زرعیہ میں فیصل آباد ڈویژن کے شہریوں کیلئے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ قبل ازیں ساہیوال،ڈی جی خان، راولپنڈی،لاہور میں ہیلتھ کارڈ کا اجرا ہو چکا ہے جبکہ آج سے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ڈیڑھ کروڑ کے قریب آبادی پر مشتمل 32لاکھ سے زائد گھرانوں کو بھی ہیلتھ کارڈ کی سہولت کی فراہمی شروع ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ اس وقت تک پنجا ب کی 73فیصد آبادی صحت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہے اور ا نشا اللہ 31مارچ تک پنجاب کی تما م 100فیصد آبادی کو ہیلتھ کور مل جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عمران خان کی قیادت میں ہیلتھ سیکٹر میں تاریخ ساز اقدا مات کئے ہیں اور صوبہ میں 400ارب کی لاگت سے تمام خاندانوں کو 10لاکھ روپے فی گھرانہ سالانہ ہیلتھ کور دے دیا گیا ہے جس سے اب وہ صوبہ بھر میں اپنی پسند کے کسی بھی ہسپتال میں اپنی پسند کے ڈاکٹر سے علاج کروا سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں 8نئے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور 23جنرل ہسپتال بن رہے ہیں اسی طرح 118ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے نیز فیصل آباد ڈویژن میں 90ہسپتال ہیلتھ کارڈ پینل پر رکھے گئے ہیں جبکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا۔عثمان بزدار نے کہاکہ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی،الائیڈ ہسپتال،ڈی ایچ کیو ہسپتال،حسیب شہید ہسپتال اور تمام تحصیل ہسپتالوں میں موجود سہولیات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب فیصل آباد صحت اور تعمیر و ترقی کے لحاظ سے نہ صرف پنجاب کا نمبر ون بلکہ مثالی ڈویژن بنے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ اقدام دکھی انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ ریاست مدینہ کی جانب اہم قدم ہے اور عمران خان نے اپنا نئے پاکستان کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبہ میں پہلی بار 740ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور عوامی فلاح کے یہ منصوبے مالی سال کے اختتام تک مکمل کر لئے جائیں گے جبکہ ترقی کا یہ سفر عمران خان کی قیادت میں جاری رہے گا۔انہوں نے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کی جن کی دن رات کی کوششوں سے ہیلتھ کارڈ کا اجرا ممکن اور 73 فیصد آبادی کو ہیلتھ کور میسر آسکا جبکہ ان کی کوشش سے 31مارچ تک 100فیصد خاندانوں کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ عمران خان کی مدبرانہ سوچ اور انقلابی ویژن کے تحت پنجاب کو ملک کا مثالی صوبہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔











