اسلام آباد،11فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے آزاد کشمیر کے سابق صدر اور امریکا کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر سردار مسعود خان نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے امریکا میں بطور سفیر نامزدگی پر سردار مسعود خان کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دو طرفہ، وسیع البنیاد اور کثیرالجہتی تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ موثر سفارت کاری کے ذریعے دنیا کی توجہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے میسر وسیع مواقع کی جانب مبذول کروائی جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سردار مسعود خان جیسے تجربہ کار سفارت کار کی تعیناتی سے پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری آئےگی۔
سردار مسعود خان نے چیئرمین سینیٹ سے ان کی دادی محترمہ اور چھوٹے بھائی کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ امریکا کیلئے نامزد سفیر سردار مسعود خان نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی موثر طریقے سے نمائندگی کے عزم کو دہرایا۔











