اپوزیشن جرات کرے اور کل تحریک عدم اعتماد لے کر آئے، پاکستان تحریک انصاف اور خود اپوزیشن کے ارکان اسمبلی انہیں سرپرائز دیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا پی ڈی ایم کے رہنمائوں کی پریس کانفرنس پر ردعمل

45

اسلام آباد۔11فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جرات کرے اور کل تحریک عدم اعتماد لے کر آئے، پاکستان تحریک انصاف اور خود اپوزیشن کے ارکان اسمبلی انہیں سرپرائز دیں گے، کسی مائی کے لعل میں جرات نہیں کہ وہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنمائوں کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لئے پاکستان کرپشن لمیٹڈ پارٹی کی بیٹھک ہوئی، اپوزیشن جرات کرے اور کل تحریک عدم اعتماد لے کر آئے، انہیں آٹے دال کا بھائو پتہ لگ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا خیال ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے وہ 18 فروری کو لگنے والی فرد جرم سے بچ سکتے ہیں تو ایسا نہیں ہوگا، مولانا فضل الرحمان بھی پہلے دن سے حکومت کو گھر بھیجنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن ان کے بازوئوں میں حکومت کو گھر بھیجنے کی طاقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کے رہنمائوں کی گفتگو سے ان کی کمزوریاں نظر آ رہی تھیں، اپوزیشن جماعتوں کو چیلنج ہے کہ وہ کل تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں، پاکستان تحریک انصاف اور خود اپوزیشن کے ارکان اسمبلی انہیں سرپرائز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی مائی کے لعل میں جرات نہیں کہ وہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے کر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں وہ سیاسی چوہے ہیں جن کا خیال  ہے کہ وہ چھت پر زیادہ دوڑیں گے تو زیادہ آواز آئے گی اور اس طرح وہ بچ جائیں گے۔