ملتان 12 فروری ، ( اےپی پی): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے زائد المعیاد اور جعلی ادویات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے اور میڈیکل کمپنیوں اور فارمیسی سٹورز کی چیکنگ کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے نشہ آور انجکشن اور ممنوعہ ادویات کی برآمدگی پر سٹور و گودام سیل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔ضلع میں ادویات کی کوالٹی کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 15 سے زائد میڈیکل سٹورز کیخلاف قانونی کارروائی کی منظوری دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ جعلی ادویات کے دھندے میں ملوث مافیا کسی رعایت کا حقدار نہیں۔ڈرگ انسپکٹر ادویات کی سٹوریج اور وارنٹی کی موثر چیکنگ کا آغاز کریں۔عامر کریم خاں نے کہا کہ صرف لائیسنس یافتہ افراد ہی میڈیکل سٹورز چلانے کے مجاز ہونگے بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ادویات ساز کمپنیوں اور ڈیلرز کو بھی ڈرگ ایکٹ کا پابند کرینگے اور انکو قانون کے دائرے میں لائیں گے۔