پنڈ دادنخان ۔13فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اتوار کو یہاں نوشکی، پنجگور میں دہشت گردی کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہید جوان بابر حفیظ کے گھر گئے اور شہید کے والد محمد حفیظ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بابر حفیظ شہید نے دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا، ملک و قوم کے لئے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم غم کی اس گھڑی میں بابر حفیظ شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ شہیدوں کے خاندانوں کے حوصلے ہیں کہ وہ شہادتوں پر فخر کرتے ہیں، ہم اپنے شہید جوانوں کے لہو کے مقروض ہیں، پورا پاکستان ان خاندانوں کا احسان مند ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان کی ریاست اور حکومت شہداء خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید بابر حفیظ کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔











