اسلام آباد،13فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے سابق سفیروں اور تھنک ٹینک کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح پاکستان نے کورونا وباء سے مقابلہ کیا چین نے اس کی تعریف کی، چین نے ہمارے مثبت اقتصادی اعشاریوں کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کاکہاکہ چین کی قیادت نے پاکستان کی معیشت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے جو کہ درست سمت میں گامزن ہے، چینی قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خواہاں ہے، چین کے حالیہ دورے سے پاکستان اورچین کے تعلقات کو ایک نئی جہت ملی ہے، پاکستان اور چین نے سٹریٹجک شراکت داری کی سمت کا تعین کرلیاہے اورسی پیک سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات کو آگے لے کرچل رہے ہیں، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے سب متفق ہیں، حالات خراب ہوئے تو امریکہ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، قومی تشخص اورحکومتی اقدامات کو یکجاکرکے ہی ترقی کی رفتار بڑھائی جاسکتی ہے، کورونا کا بہترین حکمت عملی سے مقابلہ کیا، کسی کو خوش کرنے کی بجائے اصلاحات کرنا چاہتے ہیں، کورونا کے بعد پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔











