پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ،مولانا فضل الرحمن پر ان کے اپنے علاقہ کے لوگوں نے عدم اعتماد کا اظہا ر کر دیا ہے ، غلام سرور خان

24

ٹیکسلا ۔16فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ لیبر کالونی ٹیکسلا میں نئے فلیٹس کی الاٹمنٹ کیلئے مارچ کے آخر میں وزیراعظم عمران خان کو مدعو کریں گے، مولانا فضل الرحمن پر ایک بار پھر ان کے اپنے علاقہ کے لوگوں نے عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ حکومت کے خلاف کیا تحریک عدم اعتماد لائیں گے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو لیبر کالونی ٹیکسلا فلیٹس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ایوب آفریدی، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز اور دیگر حکام بھی  موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لیبر کالونی ٹیکسلا میں فلیٹس 2008ء میں شروع کئے اور 2014ء تک اس کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا، اس وقت سے لے کر اب تک ان فلیٹوں کی الاٹمنٹ نہ ہو سکی، منصوبے میں پہلے مرحلہ میں 504 فلیٹس کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے، حکومت پہلے مرحلہ میں مکمل ہونے والے فلیٹوں میں سے پی او ایف کے شہداء کو مفت 70 فلیٹس دیئے جائیں گے، اس منصوبے کے دوسرے مرحلہ پر کام جاری ہے جہاں پر سکول، ہسپتال اور مسجد تعمیر کی جائے گی، ایک ماہ بعد اس کا ٹینڈر جاری کیا جائے گا اور رواں مالی سال کے دوران منصوبے پر باضابطہ کام کا آغاز بھی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں پر وزیراعظم عمران خان کو مدعو کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ مستحقین کو الاٹمنٹ لیٹر دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلیٹس بہترین حالت میں تعمیر ہوئے ہیں، ان کی جلد از جلد الاٹمنٹ مکمل ہو جائے گی جس کو فلیٹ الاٹ ہو گا وہ اپنے نام پر میٹر بھی لگوا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر روڈ کی کارپٹنگ بھی کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مولانا فضل الرحمن پر ان کے اپنے ضلع میں عوام نے عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ حکومت کے خلاف کیا تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی لوگ ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں، ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، اپوزیشن ساڑھے تین سال میں عدم اعتماد کی بات کر رہی ہے، وہ ان ساڑھے تین سالوں میں تحریک عدم اعتماد نہیں لا سکی تو اب کیا لائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو سینٹ میں بھی کئی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا، یہ لوگ میڈیا میں رہنے کیلئے تحریک عدم اعتماد کی باتیں کرتے ہیں جو کہ ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور آنے والے انتخابات بھی کارکر دگی کی بنیاد پر جیتیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی عالمی سطح پر بڑھی ہے، تیل کی قیمتیں عالمی سطح پر 96 ڈالر فی بیرل ہیں، 2018ء میں جب ہماری حکومت اقتدار میں آئی تو اس وقت تیل کی قیمت 40 ڈالر فی بیرل تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وزارتوں کی درجہ بندی اچھا اقدام ہے، جزا و سزا کا نظام بھی ہونا چاہئے، اس کو میڈیا کو بھی سراہنا چاہئے ۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ایوب آفریدی نے کہا کہ سابق حکومت نے لیبر کالونی ٹیکسلا میں جگہ کرپشن کرنے کیلئے خریدی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر دوسرے مرحلہ کا آغاز مارچ میں شروع کریں گے اور ایک سال کے اندر اندر یہاں پر سکول، ہسپتال اور مسجد تعمیر کی جائے گی۔