اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جمعرات کو وزارت تجارت اور سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام ترشاوہ پھلوں (کنو اور مالٹا) شو 2022 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کا مارکیٹ کے ساتھ اشتراک ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم اور مہارتوں کو فروغ دینا چاہیے۔ سرگودھا یونیورسٹی ، سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات کے فروغ اور مصنوعات میں بہتری کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پھلوں کو خراب ہونے سے بچانے کے لئے کولڈ چین ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جلد امن ہو گا۔ افغانستان کی معیشت بہتر ہو گی تووہاں بھی پاکستانی مصنوعات بالخصوص پھلوں کی مانگ بڑھے گی۔پاکستان ترشاوہ پھل پیدا کرنے والا 11 واں بڑا ملک ہے۔ اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ غذایت پر مبنی پیداوار پر توجہ دی جائے ۔ مصنوعات کی سرٹیفکیشن ہونی چاہیے۔ اسے ویلیو ایڈیشن میں بہتری آئے گی۔ مصنوعات کی کھپت اور قیمت زیادہ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستاسن کی مینگو ڈپلومیسی کامیا ب رہی ہے۔











