مظفرگڑھ، 17 فروری(اے پی پی):سپیشل اسسٹنٹ ٹو وزیراعظم عمران خان، ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مملکت برائے ہاوسنگ میاں شبیر علی قریشی کی درخواست پر وفاقی حکومت ورلڈ بینک کے تعاون سے تونسہ بیراج کے مقام پر 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک پروجیکٹ شروع کر رہی ہے،انہوں نے بتایا کہ یہ پراجیکٹ دریائے سندھ میں پائی جانے والی بلائنڈ ڈولفن کے تحفظ کےلئے لانچ کیا جا رہا ہے جو دنیا بھر میں صرف اسی خطے میں پائی جاتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ دریا کے ساتھ ساتھ 5 سیکیورٹی زون اور انفارمیشن سنٹرز بنائیں جائیں گے سیکیورٹی زون پھنس جانے والی بلائنڈ ڈولفنز کو ریسکیو کریں گے اور انفارمیشن سنٹرز بلائنڈ ڈولفنز کو دیکھنے کےلئے آنے والے سیاحوں کو معلومات فراہم کریں گے،انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور مقامی لوگوں کو اس پراجیکٹ میں ملازمتیں دی جائیں گی تاکہ وہ اس علاقے میں پائی جانے والی بلائنڈ ڈولفن کی حفاظت کر سکیں،
اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت میاں شبیر علی قریشی نے سپیشل اسسٹنٹ ٹو پرائم منسٹر ملک امین اسلم کا ان کی دعوت پر تونسہ بیراج اور لاشاری والا جنگل میں آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تونسہ بیراج کا پانڈ ایریا ایک نہائت خوبصورت قدرتی جزیرہ ہے جسے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ٹورسٹ پوائنٹ اور تفریح گاہ بنایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ان کے ایم پی اے نے یہاں ناجائز قبضہ کرکے شکار گاہ بنا رکھا تھا اب تحریک انصاف کی حکومت نے ان کا ناجائز قبضہ ختم کرا دیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اسے سیاحت کے مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔











