بابر چوک یادگار کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ، جلد باضابطہ افتتاح کیا جائے گا؛ ڈپٹی کمشنر ملتان

32

ملتان،19فروری(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ شہر اولیاءکی خوبصورتی میں اضافے کیلئے جاری بیوٹیفکیشن پلان کا ایک اور مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بابر چوک یادگار کا منصوبہ بھی پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ہے جس کا جلد باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   بابر چوک پر قائم نئی یادگار کے منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہر اولیاءکی تاریخی حیثیت بحال کرنے کے اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں ایس پی چوک کے بعد بابر چوک کی یادگار بھی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ ایم ڈی اے چوک اور ماڈل ٹاؤن یادگار بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لینڈ سکیپنگ اور گرین بیلٹس کی اپ گریڈیشن کے منصوبے بھی تیزی سے جاری ہیں جس سے شہر میں مثبت تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔انہوں  نے کہا کہ مرکزی چوکوں اور شاہراہوں کو ری ڈیزائننگ بھی کیا جارہا ہے تاکہ ٹریفک منیجمنٹ کو موثر بنایا جاسکے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عرفان اور ضلعی حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔

سورس:وی این ایس، ملتان