تھرپارکر،20فروری (اے پی پی):اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نےمٹھی کے گاوں فنگاریو کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے دیے گئے صحت کارڈ کی سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تھرپارکر میں عوام کو صحت کارڈ کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے ملاقات کی اور صحت کارڈ کے متعلق آگاہ کیا۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی مٹھی میں گاوں فنگاریو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ ہم آج یہاں وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔آج یہاں کے لوگوں کے پاس 10 لاکھ کا ہیلتھ کارڈ موجود ہے، یہاں انتظامیہ ہماری نہیں ہے، عمران خان نے ان غریبوں کو 10 لاکھ روپے دے دیے گئے ہیں، یہاں بغیر کسی سیاسی تضاد کے کارڈ دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے اداروں لوگوں کو آگاہی دیں، تھر کے لوگ اپنا علاج مفت کروا سکتے ہیں۔ پارٹی کے ساتھی ان کو آگاہی دیں گے، سندھ حکومت نے سندھ میں ہیلتھ کارڈ کی مخالفت کی، کے پی، پنجاب میں ہر شخص کو صحت کارڈ مل گیا ہے، وفاقی حکومت پورے سندہ میں کارڈ دینا چاہتی ہے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم معاملے پر ہم سندھ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، صوبوں کی رضامندی کے بغیر کالا باغ ڈیم نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد والے مسترد ہیں، اس کے بعد الخدمت ہسپتال مٹھی میں صحت کارڈ پر ہونے والے علاج کا جائزہ لیا۔











