رحیم یار خان؛ اتائیوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 14کاروبار سیل کر دیے گئے

32

رحیم یار خان،21 فروری (اے پی پی):پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے اتائیوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں 14کاروبار سیل کر دیے ہیں ۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران تحصیل خانپور اور اس کے گردونواح میں کمیشن کی انفورسمنٹ ٹیم نے سپیشل آپریشن کے دوران 69علاج گاہوں پر چھاپے مارے،جن میں سے 14ایسے مراکز سربمہر کر دیے گئے،جہاں پر اتائی غیر قانونی کاروبار کر رہے تھے۔دوسری جانب دو علاج گاہوں کی خدمات کی سہولیات معطل کر دیں گئیں کیونکہ یہ علاج گاہیں پی ایچ سی سے رجسٹرڈ نہیں تھیں،انھیں نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

جو مراکز سیل کیے گئے ان میں تحسین میڈیکل سٹور،ظفر اقبال کلینک،ارحم میڈیکل سٹور،فدا کلینک اینڈ پاکستان میڈیکل سٹور،الرحمان میڈیکل سٹور اینڈ ایمان کلینک،احتشام میڈیکل سنٹر،راشد کلینک،قریشی ڈینٹل کلینک،السید میڈیکل سٹور،عادل فارما،جاوید کلینک،عارف کلینک،حسن کلینک اورولید ڈینٹل کلینک شامل ہیں۔

پانچ علاج گاہوں کی نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے،جہاں پر چھاپوں کے وقت مستند معالجین موجودتھے۔ المدینہ میڈیکل کمپلیکس (دونوں برانچز)پر علاج معالجہ کی سہولیات معطل کر دی گئی ہیں۔

 واضح رہے کہ اب تک کمیشن نے ضلع رحیم یار خان میں 1712مراکزپر چھاپے مار کر 1251اتائیوں کے کاروبار بند کیے ہیں جبکہ 402اتائیت کے اڈوں پر کاروبار تبدیل کر دیے گئے ہیں۔